نئی دہلی: 3دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی طرف سے نوٹ بند ی کے خلاف آواز بلند کرنے کی وجہ سے مرکزی حکومت نے ریاست کو نشانہ بنایا۔کیجریوال نے ٹوئٹ کیاکہ مغربی بنگال کو اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ ممتا دیدی نے نوٹ بند ی کے خلاف بولنے کی ہمت دکھائی۔عام آدمی پارٹی (آپ)کے قومی کنوینر کیجریوال نے مغربی بنگال حکومت کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ممتا دیدی آپ اپنی جنگ جاری رکھیں، پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔قابل ذکرہے کہ ترنمول کانگریس چیف ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر ریاستی حکومت کو اندھیرے میں رکھ کر جمعرات کی رات دو قومی شاہراہوں کے ٹول پلازوں پر فوج کی تعیناتی کا الزام لگایاتھا ، اس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ جب تک فوجیوں کو نہیں ہٹایا جائے گا، وہ سکریٹریٹ سے نہیں نکلیں گی ، ڈرامائی واقعات کے درمیان ممتا جمعہ کی صبح ٹول گیٹ سے فوجیوں کو ہٹائے جانے کے باوجود ڈٹی رہیں۔